وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکٹرک بائکس، اپنا گھر اپنی چھت، بجلی کے بلوں میں ریلیف اور اب ہمت کارڈ قابلِ ستائش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر مہیا کی جا رہی ہیں، مریم نواز باقی صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکی ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میری وزیرِ اعلیٰ نے جتنے منصوبے شروع کیے سندھ اور کے پی نے ان کی پیروی کی، مریم نواز پنجاب کو خوش حال، پُرامن، ترقی یافتہ صوبہ بنانےکا مشن لے کر آئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس جھوٹ، پروپیگنڈے اور الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں، فتنہ پارٹی ملک کی فلاح بہبود کے لیے مضرِ صحت بن چکی ہے، فتنہ پارٹی کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلاؤ، تقسیم کرو اور نفرتیں بڑھانا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ نے انتشار اور نفرت کی سیاست کو سمندر برد کرنا ہے، پاکستان میں فتنہ پارٹی اور اس کے سہولت کاروں کے لیے مزید کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان کےعوام انتشاریوں اور فسادیوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں، مایوسی پھیلانے والے پہلے بھی رسوا ہوئے تھے، اب بھی ذلیل و خوار ہوں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی دعائیں مانگنے والے آج معافیاں مانگنے پر آ گئے ہیں۔