آئی بی اے یونیورسٹی سکھر نے گھوٹکی میں سب کیمپس جبکہ سیہون اور بھان سعیدآباد میں آئی بی اے کمیونٹی کالجز کے قیام کی منظوری دے دی۔
یہ منظوری سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے 19ویں اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کی۔
اجلاس میں عدالتی حکم اور سندھ حکومت کی ہدایت کے مطابق سکھر آئی بی اے میرپورخاص سب کیمپس اور آئی بی اے کمیونٹی کالجز، پبلک اسکولز اور آئی ٹی سینٹرز کے مینجمنٹ کیس کا بھی جائزہ لیا اور اس کی منظوری دی۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے یونیورسٹی کی گزشتہ چھ ماہ کی پروگریس رپورٹ پیش کی جسے سنڈیکیٹ ممبران نے سراہا۔
سنڈیکیٹ نے مالی سال 24-2023 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اور اس کے ذیلی کیمپسز بشمول کندھ کوٹ، دادو اور خیرپور میرس کے مالی سال 25-2024 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں انڈوومنٹ اور پراویڈنٹ فنڈز سمیت فنڈز کی سرمایہ کاری کا بھی جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔
مزید برآں، سنڈیکیٹ نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے بین الاقوامی معیار اور حکومتی ضوابط سے ہم آہنگ سسٹین ایبل پروکیورمنٹ اینڈ پرچیز پالیسی کی منظوری دی۔
یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کی تشکیل نو کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں سب کیمپسز کے ڈائریکٹرز کو بطور ممبر منظور کیا گیا۔
سنڈیکیٹ نے سالانہ رپورٹ اور سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز کو اپنانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان اور ویژن 2030 کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سابق وفاقی سیکریٹری فضل اللّٰہ قریشی، پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی، ایچ ای سی کے رکن سید نوید حسین شاہ، زیبسٹ کی صدر شہناز وزیر علی، محمد عباس بلوچ، آصف اکرام، مفتی نذیر احمد مہر اور جامعہ کے اراکین بشمول پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمٰن سومرانی، دو مبصرین اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔