کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کارساز حادثے کی ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش جاری ہے، زیادہ کھل کر بات نہیں کرنا چاہتا۔
صحافیوں سے گفتگو کے دوران کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ ملزمہ کو گاڑی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ میڈیکل اتھارٹیز سے بات کر کے حتمی رائے قائم کرسکیں گے، اس حوالے سے طبی ماہرین کا مؤقف بھی حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کارساز کے روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کی موت کے کیس میں گاڑی کی ڈرائیور ملزمہ کے میڈیکل کی رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں کے ٹیسٹ کے بعد حاصل نتائج میں ممنوعہ شے کی موجودگی پائی گئی جبکہ ملزمہ کے خون کے نمونے میں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی۔
ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ 2 سے 3 دن کےلیے سیل کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں میں آئس کی موجودگی پائی گئی۔