• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر کہا ہے کہ بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کل کوئٹہ کے دورے میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لیا، بلوچستان میں شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور کور کمانڈر کوئٹہ نے صوبے کی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی حکومت کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔

وزیرِاعظم نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے عوامی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں، پاک فوج کے جوان دن رات ملک دشمنوں کا پیچھا کر رہے ہیں، کوئٹہ اجلاس میں لیویز کی سہولتوں کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اُنہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں سیاسی عمائدین کے ساتھ بھی تمام مسائل پر بات چیت ہوئی، بلوچستان میں ترقی کا پہیہ کسی صورت رکنے نہیں دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ورغلانے والوں کو ناکامی کا سامنا ہو گا، بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بہترین پروگرام شروع کیے جائیں گے،  پاکستان کے دشمنوں کو عبرتناک شکست دیں گے، ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سی پیک سے بلوچستان میں ترقی کی راہیں کھلیں، چین بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی معاشی صورتِ حال آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ایثار اور قربانی کا سہارا لے کر ترقی کی جانب گامزن ہیں، مقامی صنعتوں کو فروغ دینا ہے، نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر معاشرے کے لیے کارآمد بنانا ہے، پاکستان کو محنت اور لگن سے معاشی قوت بنانا ہے۔

قومی خبریں سے مزید