وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب رات بھر جاگتے ہیں تاکہ ہم سکون سے سوسکیں۔
میئر کراچی مرتضی وہاب کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، سی پی ایس پمپنگ اسٹیشن جا کر نکاسی کا جائزہ لیا۔
صدر، عبداللّٰہ ہارون روڈ، الیکٹرونک مارکیٹ، آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاور کے علاقے بھی گئے، نرسری اور گرومندر نالےکا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سڑکیں صاف اور کلیئر ہونے پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ سائیکلون کا الرٹ ہے، انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔
اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سال پہلے ہمارا میئر آیا ہے، شہر کی سڑکیں بنانا بہتر کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جہاں سڑکوں پر گڑھے ہیں ان کو فوری پُر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ورکرز نے دن رات کام کیا جس سے کراچی بہتر صورتحال میں ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں، ہم ہر مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے، ہماری تیاری پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے۔