ڈاکٹر جہانزیب ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے عہدے سے مستعفی ہو گئے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
ڈاکٹر جہانزیب کے استعفے کی منظوری کا اطلاق فوری طور پر ہو گا، وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی ذمے داریاں سونپ دیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احسن اقبال کو ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی اضافی ذمے داریاں دی گئی ہیں۔
وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جہانزیب کی تعیناتی پر احسن اقبال نے متعدد بار وزیرِ اعظم سے اظہار ناپسندیدگی کیا،ان کو شکوہ تھا کہ ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دینے میں نظر انداز کیا گیا۔
ڈاکٹر جہانزیب ضرورت کے مطابق ترقیاتی پروگرام ترتیب دینے کے خواہاں رہے، ان کو 5 سال کے پی، 4 سال پنجاب اور 2 سال سے زیادہ وفاق میں پلاننگ کا تجربہ ہے۔
روایتی طور پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ غیر سیاسی عہدہ رہا ہے، مسلم لیگ کے دور میں بھی احسن اقبال کو وزیر اور ڈپٹی چیئرمین کاعہدہ دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پلاننگ ڈیولپمنٹ کے وزیر کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوتا، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بات خواہش کی نہیں، ایک وزارت کے 2 وزیر ہوں تو کام کیسے چلے گا؟ دو بار پہلے بھی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن رہ چکا ہوں۔