وزیراعظم شہباز شریف سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے 5 سالہ سفیان محسود نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے سفیان محسود نے حال ہی میں گنیز بک ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔
دوران گفتگو وزیراعظم نے کہا کہ سفیان محسود نے چھوٹی عمر میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بنا کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت میں لانے کےلیے کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان کھیل کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔
سفیان محسود نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ مستقبل میں سائنسدان بن کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سفیان محسود سے اُس کی مادری زبان پشتو میں بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر بچے کے والد عرفان محسود بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق عرفان محسود 100 سے زائد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں، جو مارشل آرٹس میں مہارت رکھتے ہیں اور ڈی آئی خان میں تربیتی اکیڈمی چلاتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر یوتھ پروگرام کو ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے فروغ کےلیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔