پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے پیسکو کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں، لوگوں کی رائے کا اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم ایک پیج پر ہیں، صوبائی وزیر شکیل خان کے حق میں بیان پر مجھے عہدے سے ہٹانے میں کوئی صداقت نہیں۔
شیر علی ارباب نے کہا کہ سرکاری ادارے کی طرف سے مجھ پر بے بنیاد الزام لگایا گیا، میرے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
پی ٹی آئی کے ایم این اے نے کہا کہ پیسکو نے اشتہار دیا اور کہا ہے کہ میں نے گرڈ اسٹیشن میں زبردستی فیڈر کا افتتاح کیا، فیڈر پر اپنے نام کی تختی لگائی، جبکہ ہم نے گرڈ اسٹیشن میں صرف دعائے خیر کی، پیسکو عملہ بھی وہاں موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیسکو کے پاس نہ عملہ ہے، نہ آلات، ہم نے 20 ارب کا پیکیج دیا، لیکن ہماری حکومت چلی گئی۔
شیر علی ارباب نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کئی روز سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بہت بڑھ گیا ہے، اس کی مذمت کرتا ہوں، میں پاور منسٹر کو خط لکھ کر معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھایا ہے، گورنر کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن ڈیرے کے گورنر پشاور کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔