• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی نے نہیں مریم بی بی نے بارودی سرنگیں بچھائیں: مزمل اسلم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ، کہا جاتا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی بارودی سرنگیں بچھا رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے تو بارودی سرنگیں نہیں بچھائیں، مریم بی بی یہ کام کر رہی ہیں۔

مزمل اسلم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ منی بجٹ کے بعد مائیکرو بجٹ آنا شروع ہو جائیں گے، تنخواہوں اور ایکسپورٹ پر ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کو ٹیکس کی وصولی میں 44 فی صد اضافہ ہوا، جو ٹیکس کی مد میں ملے گا اس سےصوبہ کو ترقی ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے 14 اگست پر دیگر صوبوں کو نیچا دکھانے کے لیے بجلی بلز میں سبسڈی کا اعلان کیا، وزیرِ اعلی پنجاب کہتی ہیں 45 ارب سبسڈی ہے، وزیرِ اعظم کہتے ہیں سبسڈی 90 ارب ہے، پہلے دن 500 یونٹس کا اعلان کیا گیا، پھر کہا گیا 201 سے 500 یونٹس ہیں۔

 مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کیپٹل اسلام آباد نہیں، لاہور سے فیصلے ہو رہے ہیں، کے پی سستی بجلی پیدا کرتا ہے اس لیے ہمیں رعایت ملنی چاہیے، ہم صوبہ میں بجلی بنانے اور اس کی پیداوار بڑھانے کیلئےاب خود کام کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر نے کہا ہے کہ کے پی اس وقت 171 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے، ہم اپنی ٹرانسمیشن لگائیں گے، ٹرانسمیشن لائن کے لیے لائسنس لے لیا، ہم نے سولر سسٹم دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال22 کروڑ کا تمباکو سیس کا ٹھیکہ اب 1 ارب سے زیادہ میں ہوا ہے، سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے خزانے کھولے گئے، شہباز شریف سب کے وزیرِ اعظم بنیں۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے آپ کہتے ہیں ٹوٹی پھوٹی پی ٹی آئی لیکن اصل دراڑیں تو پی ڈی ایم میں ہیں، پی ٹی آئی ٹوٹی پھوٹی نہیں، 8 ستمبر کو اپنی طاقت اور اتحاد دکھائیں گے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس نہ ہونے کے خلاف عدالت جائیں گے، فاٹا اور ضم اضلاع کے لیے 3 فیصد کا اعلان ہوا، اب تک ایک فیصد مل رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید