امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ ٹاؤن کی سطح تک اختیارات کو منتقل نہیں کیا گیا اس کے خلاف جماعتِ اسلامی عدالت جائے گی۔
منعم ظفر نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پرسوں گارڈن میں نوجوان دو بچوں کو بچانے کے لیے کنویں میں کودا اورجاں بحق ہو گیا، شہر میں ہونے والے واقعات اور ریسکیو 1122 کا کردار ایک سوالیہ نشان ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر کےحلقے کی یو سی میں سیوریج نظام نہیں، صوبائی حکومت کراچی کو اون نہیں کرتی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ رہنےکے قابل شہروں کے سروے میں کراچی 173 شہروں میں 169 نمبر پر رہا، یہ21 وی صدی میں ساڑھے 3 کروڑ آبادی والے شہر کراچی کا حال ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کے بی سی اے کو ایس بی سی اے میں تبدیل کیا گیا، شہر کی بیشتر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، پانی سیوریج کا کام سندھ حکومت کا ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ حکومت کو اربوں روپے کے فنڈز ملے ہر طریقے سے کوشش کی جا رہی ہے کہ مال بنایا جائے، عوام سے رابطے کو تیز کیا جائے گا، ہم ظالم حکمرانوں سے اپنا حق لیں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی پی پیز کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔