پشاور ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کےخلاف دائر درخواست نیپرا کو ارسال کر دی۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس شاہد خان نے عدالت میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر ضروری ٹیکسز کے باعث صارفین کو ہزاروں روپے کا بجلی بل ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
جسٹس سید ارشد علی نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے آل ریزیڈنٹس کی طرف سے درخواست دائر کی ہے، پورے پاکستان کے لیے ہم کیسے حکم جاری کرسکتے ہیں۔
اُنہوں نے استفسار کیا کہ آپ نیپرا میں شکایات درج کریں، وہ آپ کو سنیں گے، یہ نیپرا کا کام ہے، آپ ہم سے یہ کیوں کروانا چاہتے ہیں؟
جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ایک کیس میں فیصلہ دیا تھا، سپریم کورٹ نے فیصلہ کالعدم قرار دے کر معاملہ نیپرا کو بھیج دیا تھا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں درخواست دائر کرکے وہ استدعا کیا کریں جو ہمارے دائرہ اختیار میں ہے۔