• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عادل مراد والد وحید مراد کی زندگی پر فلم کیوں نہیں بنانا چاہتے؟

وحید مراد اور عادل مراد ـــ فائل فوٹو
وحید مراد اور عادل مراد ـــ فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار وحید مراد کے بیٹے فلم ساز و اداکار عادل مراد اپنے والد کی زندگی پر فلم نہیں بنانا چاہتے۔

عادل مراد حال ہی میں ایک ویب شو کا بذریعہ ٹیلی فون حصّہ بنے جہاں اُنہوں نے اپنے والد وحید مراد کے شاندار شوبز کیریئر کے بارے میں بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے والد کی کسی بھی فلم کا ریمیک اور ان کی بائیوپک کیوں نہیں بنانا چاہتے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر میں وحید مراد صاحب کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے رضامند ہو بھی جاؤ تو کسی اداکار کو تو اسکرین پر ان کا کردار ادا کرنا ہے تو کیا ہم اسکرین پر کسی کو بھی وحید مراد کے کردار میں قبول کر سکیں گے یا کوئی ایسا اداکار ابھی تک سامنے آیا ہے جو اسکرین پر وحید مراد کے کردار کو انصاف کے ساتھ نبھا سکے؟

عادل مراد نے کہا کہ وحید مراد کا اپنا ایک الگ ہی انداز تھا اور ان کے انوکھے انداز نے ہی انہیں ایک مشہور پاکستانی اداکار بنایا تھا، اب کسی بھی اداکار سے ان کی نقل تو کروا سکتے ہیں لیکن کوئی ان کے کردار کو اسکرین پر اس طرح ادا نہیں کر سکتا کہ حقیقت سے قریب تر لگے۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھ سے وحید مراد کی زندگی پر فلم بنانے کے بارے میں اب تک کئی لوگ بات کر چُکے ہیں اور میرا ان تمام لوگوں سے ہمیشہ یہی سوال ہوتا ہے کہ اس کے لیے ہمیں وحید مراد یا زیبا جیسے اداکار کہاں سے ملیں گے؟

عادل مراد نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور میرے خاندان کے لیے میرے والد وحید مراد کا نام، شہرت اور قدر ان کی فلموں، بائیوپکس اور رائلٹی کے ذریعے پیسے کمانے سے زیادہ اہم ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید