• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارساز حادثہ کیس: عدالت نے حتمی چالان 19 ستمبر کو طلب کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کارساز حادثہ کیس میں عدالت نے حتمی چالان 19 ستمبر کو طلب کرلیا جبکہ تفتیشی افسر نے پولیس فائل جمع کروانے کےلیے وقت مانگ لیا۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس کی سماعت ہوئی جہاں تفتیشی افسر نے کیس کا عبوری چالان عدالت میں جمع کروادیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ پولیس فائل کہاں ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ پولیس فائل اپڈیٹ کی جارہی ہے، وقت دیا جائے۔

عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کیس کا حتمی چالان کب تک جمع کروایا جائے گا؟ اس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ حتمی میڈیکل رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی فارنزک رپورٹ نہیں ملی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے انجینئر کے معائنے کی رپورٹ بھی نہیں ملی، گاڑی کی رفتار کا تعین کرنے کےلیے این ای ڈی کے ماہرین سے مدد لی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کارساز حادثہ کیس میں حتمی میڈیکل رپورٹ کس چیز کی باقی ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ حادثے میں زخمی دو افراد کی حتمی میڈیکل رپورٹ آنا باقی ہے۔

عدالت نے 19 ستمبر کی آئندہ سماعت پر مقدمے کا حتمی چالان طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

قومی خبریں سے مزید