مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے ن لیگ کی حکومت میں صرف برطانیہ اور یورپ سے اوور سیز پاکستانیوں کو عہدے ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے میاں نواز شریف کو خط تحریر کیا ہے اور بتایا ہے کہ حکومت میں صرف برطانیہ اور یورپ سے اوور سیز پکستانیوں کو عہدے ملنے پر جاپان سمیت دیگر ممالک میں مقیم قربانیاں دینے والے کارکنان مایوسی اور احساس محرومی کا شکار ہو رہے ہیں۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلے پر ہمیشہ ہی رضا مند رہا ہوں تاہم اپنے خط میں اپنے قائد میاں نواز شریف سے دل کی باتیں کہہ دی ہیں، اب وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قابلِ قبول ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں وقتی ہوتی ہیں اور اچھے وقت میں پارٹی ورکرز کو نوازنے والی حکومتوں کے ساتھ بُرے وقت میں پارٹی ورکر کھڑا رہتا ہے۔
ملک نور اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید ہے کہ پارٹی قیادت پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے کارکنان میں بڑھتے ہوئے احساسِ محرومی کو سمجھے گی اور ان کو بھی عہدے دیکر ملک کی خدمت کا موقع فراہم کرے گی۔