پیرالمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایران کے ایتھلیٹ صادق بیت سیاح سے مذہبی جھنڈا لہرانے پر گولڈ میڈل واپس لے لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پیرالمپکس میں ایران کے ایتھلیٹ صادق بیت قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اپنے گولڈ میڈل سے محروم ہو گئے۔
ایرانی ایتھلیٹ سے اعزاز واپس لے کر دوسرے نمبر پر آنے والے بھارتی ایتھلیٹ نودیپ سنگھ کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایرانی ایتھلیٹ صادق بیت سیاح نے پیرالمپکس میں ایف 41 جیولن تھرو کے مقابلے میں 47.64 میٹر کی تھرو کر کے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ بھارتی شہر ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ پیرا ایتھلیٹ نودیپ سنگھ نے 47.32 کی جیولین پھینکی تھی۔
بیت سیاح کے گولڈ میڈل ہارنے پر ایران میں افسوس اور احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ نودیپ سنگھ کو طلائی تمغہ ملنے پر بھارت میں اس وقت جشن کا سماء ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جہاں ’پیرالمپکس‘ ٹرینڈ کر رہا ہے وہیں ’نودیپ سنگھ‘، ’بیت سیاح‘ اور ’جیولن تھرو‘ کے نام کے ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔