پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 28 رہنماؤں کو مقدمات میں نامزد کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف پرامن احتجاج اور امن عامہ بل کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانہ سنگجانی سمیت 3 تھانوں میں اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر 2024ء کے تحت درج ہیں، جن میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمات میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، زرتاج گل، عامر مغل، شعیب شاہین، شیر افضل مروت، سیمابیہ طاہر اور راجا بشارت سمیت 28 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا، جس پر پی ٹی آئی قافلے نے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کیا۔
پولیس نے جواب میں شیلنگ کی اور موقع پر 17 پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا۔