جامعہ بلتستان اسکردو کی سینٹ نے وائس چانسلر ڈاکٹر نعیم خان عباسی کا استعفیٰ قبول کرلیا۔
ڈاکٹر نعیم خان عباسی کے استعفے کی منظوری کے بعد سینٹ کے رکن اور جامعہ سندھ کے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نعیم خان عباسی نے جامعہ بلتستان اسکردو کے پہلے وائس چانسلر کی حیثیت سے 31 مئی 2018 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا جب کہ انھوں نے 6 ستمبر کو سینٹ/ بی او جی سے درخواست کی تھی کہ انھیں 9 ستمبر سے وائس چانسلر کے عہدے سے فارغ کر دیا جائے۔
دریں اثنا جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نعیم خان عباسی نے کہا سینیٹ نے آج 9 ستمبر 2024 کو پاکستان اکیڈمی آف سائنسز (پی ایس اے)، اسلام آباد میں منعقدہ یو او بی ایس کے خصوصی سینیٹ اجلاس کے دوران میری درخواست کو احسن طریقے سے قبول کر لیا اور میں فارغ ہوگیا ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ بلتستان کے سارے پروجیکٹس مکمل کرلیے ہیں، وفاق کے پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کی تکمیل ہوچکی ہے، میرا کام مکمل ہوگیا۔
چنانچہ اب میں جنوب کی طرف جانا چاہتا ہوں اور وہاں پنجاب کی ایک سرکاری جامعہ میں تلاش کمیٹی نے پہلے نمبر پر رکھا ہوا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے انٹرویو بھی ہوچکا ہے۔