اسلام آباد میں جلسوں سے متعلق پاس ہونے والے نئے قانون پر سینیٹ اجلاس میں اپوزيشن لیڈر شبلی فراز نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس نہ کوئی پروگرام ہے نہ پلان ہے، ملک ڈوبا جارہا ہے اور ان کی سوچ ہے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو قابو کیا جائے۔
شبلی فراز نے کہا کہ بتایا جائے کہ سارے پنجاب اور اسلام آباد کو کیوں بلاک کیا گیا؟ آپ خیبر پختوںخوا میں جلسہ کریں ہم ساری سہولتیں دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ آپ کو وہیل چیئر پر بٹھایا ہوا ہے، آپ بڑے فیصلے نہیں کر سکتے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جس بل پر شبلی فراز تنقید کررہے ہیں، سینیٹ سے 60 ارکان نے اس بل کو ووٹ دیا، دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاں اس جیسے قوانین نہیں، ہم نے انتظامیہ کی صوابدید کو نکیل ڈالی ہے۔