• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا شالیمار ایکسپریس کو حادثے سے بچانے والے گیٹ کیپر کو خراج تحسین


وزیراعظم شہباز شریف نے شالیمار ایکسپریس کو حادثے سے بچانے والے گیٹ کیپر کو خراج تحسین پیش کیا۔

 ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مدد علی نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سیکڑوں زندگیاں بچالیں، پوری قوم کو مدد علی جمالی پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ معمولی تنخواہ پر ملازمت کرنے والے گیٹ کیپر مدد علی نے جان پر کھیل کر شالیمار ایکسپریس کو بڑے حادثے سے بچا لیا، اپنی جان داؤ پر لگا کر فرض نبھایا۔

 گیٹ کیپر مدد علی جمالی کا کہنا تھا کہ اس نے جو کیا اپنا فرض سمجھ کر کیا، جان دے کر بھی ٹرین میں سوار قیمتی جانوں کو بچانا تھا۔

جمعے کو نوابشاہ کے تالپور پھاٹک پر ریتی سے بھرا ٹرک ٹریک پر الٹ گیا تھا ٹریک پر کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کو روکنے کیلئے مدد علی نے جان کی پرواہ کیے بغیر سرخ جھنڈی لے کر ٹرین کی طرف دوڑ لگا دی تھی، جسے دیکھ کر ڈرائیور نے ٹرین کی رفتار کم کردی تھی اور ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید