کراچی (افضل ندیم ڈوگر) شارجہ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی پرواز کے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تاہم 42 سالہ بنگلہ دیشی مسافر انتقال کرگیا۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق ایئر عربیہ کی پرواز جی 9512 نے گذشتہ رات ڈیڑھ بجے شارجہ سے ڈھاکہ کیلئے اڑان بھری۔ روانگی کے ڈیڑھ گھنٹہ بعد پرواز بھارتی فضائی حدود میں 33 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ محمد دلال میاح نامی 42 سالہ مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے کراچی میں میڈیکل ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا۔ اے ٹی سی سے اجازت ملنے پر پرواز نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 4بجے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔