• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز کو معطل کردیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر فلک ناز کو سینیٹ سے معطل کردیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر فلک ناز کی رکنیت 2 دن کےلیے معطل کردی۔ 

سینیٹ میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی گرفتاری کے معاملے پر فیصل واوڈا نے اپنے خیالات کا اظہار کرنا شروع کیا تو پی ٹی آئی کی رکن فلک ناز چترالی نے شدید شور شرابہ کیا۔

فلک ناز چترالی کی جانب سے نازیبا الفاظ ادا کرنے پر فیصل واوڈا شدید غصے میں آ گئے اور چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ یہ الفاظ حذف کرنے سے بات نہیں بنے گی، ایکشن لیں اور فلک ناز کو معطل کریں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ گالی دو گے تو برداشت کریں گے؟ یہ گالی دینے والی زبان ان کو ادھر لے جائے گی۔ اداروں کی اور حکومت کی کمزوری ہے کہ کھلے عام گالی چل رہی ہے۔ سارجنٹ کو بلائیں اور ان کو گرفتار کروائیں۔ 

چیئرمین سینیٹ نے فلک ناز سے کہا کہ وہ معافی مانگیں ورنہ انہیں معطل کر دیں گے، تاہم پی ٹی آئی سینیٹر نے معافی نہیں مانگی۔ 

اس دوران حکومتی ارکان بھی اپنی نشتوں پر کھڑے ہوگئے اور ایوان میں ہنگامہ مچ گیا۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان چیئرمین ڈائس کے سامنے پہنچ گئے۔ چیئرمین سینیٹ کے کہنے کے باوجود فلک ناز نے معافی نہ مانگی تو بالاخر چیئرمین سینیٹ نے فلک ناز کو دو روز کےلیے معطل کردیا۔

چیئرمین سینیٹ کی جانب سے معطل ہونے پر فلک ناز نے بانی پی ٹی آئی کے نعرے لگانا شروع کردیے۔ ایوان میں شور شرابے کے دوران ہی سینیٹ کا اجلاس 12 ستمبر شام 3 تک ملتوی کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید