سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آج فوج سے بات کرنے سے انکاری اندر خانے پیر پڑتے ہیں اور معافیاں مانگتے ہیں۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر تقریر میں ماں، بہن، بیٹی کا خیال کیا ہوتا، تو وہ نہ ہوتا جو کل ہوا، ہماری ماؤں بہنوں کو کچھ بولیں گے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی نیب ترامیم کے خلاف تھی، آج انہی ترامیم سے ریلیف لے لیا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ آج کہتے ہیں فوج سے بات کرنے پر تیار نہیں اور بات کرنے کےلیے منتیں کر رہے ہیں، اندر خانے پیر پڑتے ہیں، معافیاں مانگتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی زلفوں کی قسم ایک بار آئیں آپ کو مسٹر سے مسز گنڈاپور بنائیں گے۔
سینیٹر فیصل واوڈانے یہ بھی کہا کہ آپ ملک توڑنے کی بات نہ کرتے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوتے، فیض حمید کے ذریعے آپ حکومت میں آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے سارے لوگ کمپرومائز ہیں، آنے والے دنوں میں مزید ثبوت دوں گا، آپ نے اپنی گندی سیاست کےلیے ارشد شریف کو قتل کرایا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اپنے ادارے میں نظام انصاف لائے ہیں۔