پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے وقار کو مجروح ہوتے پورے پاکستان نے دیکھا۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ کل ایسا لگا جیسے پارلیمنٹ ہاؤس مجرموں کی آماج گاہ ہے، کل پارلیمنٹ کا وقار جس طرح مجروح ہوا وہ پورے پاکستان نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی توہین پر حکومتی بینچوں کی جانب سے ایک لفظ نہیں بولا گیا، اسی رویے کی وجہ سے حکومتی جماعتیں سکڑ چکی ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری ہر طرح سے قابل مذمت ہے، حکومت کی جانب سے مذمت کا ایک لفظ بھی نکلا، اس کا مطلب ہے کہ آپ سپورٹ کر رہےہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے وہ ہوتے ہیں جن کو عوام نے اپنے ووٹ سے منتخب کیا، فارم 47 والےنہیں، آپ صرف ذاتی مفادات کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ یہ پارلیمان ایسا فورم بنا دیاگیا، جس میں عوام کےلیے بات کم ہوتی ہے، صرف پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کےلیے قوانین بنائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، آپ مانیں یا نہیں، ہم نے جمہوری قوتوں کے راستے میں دیواریں کھڑی کردی ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ یہ کنٹینرز ایکسپورٹس کےلیے استعمال ہونے چاہیے تھے، جو راستے میں کھڑے ہیں، ہم نے پوری کوشش کی کہ کسی پارٹی کی قیادت سے متعلق کوئی بات نہ کریں۔