• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے سیاسی و جمہوری عمل پر کچھ لوگ حاوی ہیں، سلمان اکرم راجا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی و جمہوری عمل پر کچھ لوگ حاوی ہیں۔

پشاور میں پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد سلمان اکرم راجا نے پریس کانفرنس کی، عمر ایوب، اسد قیصر اور اعظم سواتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بیان پر احتجاج کیا اور شرکاء سے کہا کہ یہاں پر وزیراعلیٰ کو موجود ہونا چاہیے تھا۔

اس پر سلمان اکرم راجا نے صحافیوں سے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پارٹی اجلاس کے بعد صوبائی اسمبلی چلے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی و جمہوری عمل پر حاوی لوگوں نے پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کےلیے ایک دن پہلے قانون بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسے کا اپنا ماحول ہوتا ہے، سوئچ سے 7 بجے جلسہ ختم نہیں کیا جاسکتا، یہ سوچ کہ ہمارے آگے سر جھکانے والا ہی قابل قبول ہے، پاکستان کے عوام پر حملہ ہے۔

سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ پاکستان کی آواز کو دبانے نہیں دیں گے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی ساری جدوجہد ہی خواتین اور اقلیتوں کےلیے ہے۔

اس دوران عمر ایوب نے کہا کہ 9 مئی بہانا تھا، نشانہ بانی پی ٹی آئی تھے، جلسے روکنے کےلیے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے، ہم موٹرسائیکل پر جلسے میں پہنچے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ جمعے سے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید