راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
دورانِ سماعت بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں پیش ہوئے جن کی درخواستِ بریت پر دلائل پیش کیے گئے۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد یہ کیس بنتا ہی نہیں، نیب ترامیم کی روشنی میں کابینہ کے فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے براہِ راست کوئی مالی فوائد حاصل نہیں کیے۔
نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے اس موقع پر بریت کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کابینہ کو مِس گائیڈ کیا ہے، کابینہ کے سامنے 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق اصل حقائق کو چھپایا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی کی درخواستِ بریت مسترد کر دی۔
احتساب عدالت نےریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کے لیے کل کی تاریخ مقرر کر دی۔