خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں مبینہ طور پر شوہر نے بھابھی کے ساتھ مل کر بیوی کو آگ لگادی۔ خاتون 13 روز بعد دم توڑ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 28 اگست کو گلیات کے گاؤں تاج وال میں پیش آیا۔ جہاں مبینہ طور پر شوہر نے اپنی بھابی سے مل کر بیوی کو آگ لگا دی۔ زیر علاج خاتون گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ چھانگلہ گلی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقتولہ کے والد کے مطابق 23 سالہ بیٹی 6 ماہ کی حاملہ تھی جسے اس کے شوہر اور بھابھی نے آگ لگائی اور بتایا کہ وہ گیس سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی تھی۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور اس کی بھابھی کو گرفتار کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔