پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ملک کے سلامتی اور خارجی معاملات پر اپنا گنڈاسا استعمال نہیں کر سکتے۔
عرفان صدیقی نے پارلمینٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے جلسے میں جو تقریریں ہوئیں ان پر غور کرنا چاہیے کہ یہ لوگ قوم کی خواتین کےبارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے فنڈز روکنے کی کوشش کی، سائفر کو مذاق بنایا، اب یہ خارجہ پالیسی کو مذاق بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا۔
اُنہوں نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں اپنے طور پر گنڈا پور بیان دے رہے ہیں، یہ امورِ خارجہ لے کر بیٹھ گئے، یہ خوفناک روایت ڈالنے جا رہے ہیں۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ جو بھی پالیسی طے کرنی ہے وہ وفاق کو کرنی ہے، ہرصوبے کی کسی نہ کسی ملک سے سرحد ملتی ہے، کیا ہر علاقہ اپنی اپنی خارجہ پالیسی بنائے گا؟
اُنہوں نے کہا کہ گنڈاپور بےشک ہر معاملے پر اپنا گنڈاسا استعمال کریں لیکن سلامتی و خارجی معاملات پر نہیں، کیا پنجاب اور سندھ بھارت کے ساتھ معاملات کر سکتے ہیں؟ کیا امریکا کی ہر ریاست کی اپنی خارجہ پالیسی ہوتی ہے؟
ن لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ ہم اس معاملےکو سینیٹ میں لے کر آئیں گے بلکہ ہر سطح پر اس کی مزاحمت کریں گے۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ اس پر بحث کریں گے کہ یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، آپ پاکستان کی سلامتی، دفاع و خارجہ پالیسی کو نشانہ بنائیں گے تو اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔