خیبر پختون خوا کے اضلاع مردان اور چارسدہ میں آسمانی بجلی گرنے اور چھت گرنے کے 2 واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مردان میں مکان میں آگ لگنے سے 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رات کو شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ مکان پہاڑی پر موجود درگاہ کے عقیدت مندوں کا ٹھکانہ تھا جہاں پر عقیدت مند آ کر بعض اوقات رات بسر کرتے تھے۔
گزشتہ رات کو طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے مکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں سے 2 کا تعلق پشاور، 2 کا چارسدہ اور 1 کا تعلق ازبکستان سے ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر پہاڑی کی اونچائی پر ہو نے کے باعث فائر فائیٹر ٹیموں کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر چارسدہ کے علاقے ترنگزئی میں تیز ہوا اور بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت کے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے پانچوں افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ، اس کی بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔