وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمان کا تقدس قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو، پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے، قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے۔
ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے، معاشی استحکام کے تسلسل، ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، ملک دشمن عناصر پوری کوشش کرتے رہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور ان کے ناپاک عزائم کامیاب ہوں، آئینی اداروں، غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قیادت میں میثاقِ جمہوریت ہوا، میثاقِ جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کیلئے روک دیا گیا، ملکی ترقی کیلئے سب کو پھر سے اکٹھا ہونا ہے، سیاست ہوتی رہے گی، ملک کو بچانے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے پہلے نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا، سوچی سمجھی سازش سے انہیں سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی گھناؤنی سازش کی گئی، یہ سازش پاکستان اور پاکستان کی عوام کو بہت مہنگی پڑی، گزشتہ 3 برس تک پاکستان میں نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالت کے دہانے پر پہنچا دیا، اللّٰہ نے ہمیں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا ذمہ سونپا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی مفاد کیلئے سب جماعتوں نے مل کر اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا، آج ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے، پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے اور برآمدات بڑھیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور دوست ممالک کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا، ترسیلاتِ زر میں اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، مگر ابھی اس ملک کی ترقی کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے، آپ آج یہ عہد کریں کہ ملکی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے مجھ سمیت ہم سب کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
عشائیے میں وفاقی وزراء، پاکستان مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے ارکان پارلیمنٹ شریک تھے۔