وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے جمہوری استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے۔
یومِ جمہوریت پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ روشن مستقبل جمہوری عمل کے تسلسل اور اداروں کے استحکام سےجڑا ہے، ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں بار بار جمہوری عمل میں تعطل پیدا کیا گیا، جمہوری عمل میں تعطل سے سیاسی عدم و استحکام اور معاشی بدحالی پیدا ہوئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم سب کو مل کر جمہوری عمل کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا، ترقی کا کوئی بھی شعبہ ہو آج عالمی مسابقت میں پاکستان بہت پیچھے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں محنت، جدت، معیار اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ہو گا، ہمارا پختہ عزم ہے کہ پاکستان کو 2035ء تک 1 ہزار ارب ڈالرز کی معیشت بنائیں۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس عمل کی تکمیل کے لیے جمہوری استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوری عمل ترقی کے ساتھ مربوط کرنا ہوگا، یہی بقاء اور کامیابی کا راستہ ہے۔