امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 8 ماہ میں ہزاروں بائیک چھینی گئیں اور مختلف وارداتوں میں 4 سو سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تشویشناک بات ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
منعم ظفر کا کہنا ہے کہ ایک طرف شہری اس صورتِ حال سے گزر رہے ہیں تو دوسری طرف شہر کی سڑکیں خستہ حال ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ راشد منہاس روڈ جہاں برسات کے بعد مٹی اور دھول اڑتی ہے، لیاقت آباد کی مشہور سڑک شاہراہ پاکستان تباہی کے دہانے پر موجود ہے، گرومندر کی سڑک ایک دن سے زیادہ نہیں چل پاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسی شہر کے وزیرِ اعلیٰ فرماتے ہیں بوسیدہ سیوریج نظام کے ہوتے ہوئے سڑکیں نہیں بنائی جا سکتیں، وزیرِ اعلیٰ صاحب آپ اس شہر کی سب سے بڑی اتھارٹی ہیں، اگر آپ بھی یہ سڑکیں نہیں بنا سکتے تو کون بنائے گا؟