پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما نوید قمر نے مجوزہ آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان کے اختلاف کی نوعیت کا تذکرہ کردیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، وفد میں خورشید شاہ، نوید قمر، جمیل سومرو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نوید قمر نے کہاکہ جے یو آئی سربراہ کا اختلاف آئینی عدالت کے طریقہ کار سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل اسپیشل کمیٹی میں مولانا فضل الرحمان موجود تھے، وہاں یہ بات ہوئی کہ جس پر سب متفق ہیں، وہ لے کر آئیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ بات ہوئی کہ جو بھی ترامیم ہیں ان کو وقت دیا جائے اور ان پر بات کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل کمیٹی میں اس پر اتفاق تھا کہ جن شقوں پر اختلاف رائے ہے ان پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ آج کی ملاقات میں مثبت باتیں ہوئیں، مل کر بیٹھیں گے تو قومی اتفاق رائے پیدا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کے قیام کےلیے ترمیم ہے، مولانا فضل الرحمان نے بھی اس کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔