ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شکست پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہماری ٹیم اچھا کھیلی، مگر رزلٹ ہمارے حق میں نہیں آیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں چین کے خلاف شکست پر بیان میں کہا کہ ہمارا اسٹارٹ اچھا نہیں تھا، کیونکہ غضنفر کے والد کے انتقال کا پوری ٹیم پر اثر پڑا۔
طاہر زمان کا کہنا تھا کہ غضنفر علی والد کے انتقال کے باوجود میچ کھیلے، غضنفر نے خود میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اہم کھلاڑی ابوبکر انجرڈ تھا اور اگر غضنفر نہ کھیلتا تو ہمارے دو کھلاڑی باہر ہوجاتے۔
طاہر زمان نے کہا کہ شوٹ آؤٹ پر ہم بدقسمت رہے اور یہ ایسا ایریا ہے جہاں ہمیں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چین کے شاٹس آن ٹارگٹ صرف 4 ہیں جبکہ ہمارے 15 کے قریب تھے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کوریا کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔