• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے میچ ڈرا، پاناما کے کوچ نے بنگلورو کے ٹریفک کو ذمے دار ٹھہرا دیا

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارت اور پاناما کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ ڈرا ہونے کے بعد پاناما کے ہیڈ کوچ تھامس کرسچینسن نے بنگلورو کے شدید ٹریفک اور ناقص سفری انتظامات کو اپنی ٹیم کی تیاریوں میں رکاوٹ قرار دے دیا۔

تھامس کرسچینسن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو میچ کے روز ہوٹل سے اسٹیڈیم پہنچنے میں تقریباً 2 گھنٹے لگے، جس کے باعث ٹیم کی تیاری متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹریفک کو میچ کے دوران ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ ہونے کا بہانہ نہیں بنانا چاہتا، لیکن کھلاڑیوں کے لیے میچ سے قبل اتنا طویل وقت بس میں گزارنا آسان نہیں تھا۔

پاناما کے ہیڈ کوچ نے مستقبل میں بین الاقوامی میچز کے معاہدے کرتے وقت سفری انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بہتر سہولتوں کے حق دار ہیں۔

پاناما کی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے بھی شہر کے شمالی حصے میں واقع سینٹر فار اسپورٹس ایکسی لینس جانا پڑتا تھا، جس سے کھلاڑیوں کے سفر اور تیاریوں میں مزید مشکلات پیدا ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم اس وقت تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے اور بھارت کے خلاف 5 کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی ابتدائی لائن اپ میں شامل کیا گیا تھا۔

تھامس کرسچینسن نے بتایا کہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم کے کھیل سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مناسب تربیتی وقت درکار تھا، جو سفر اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث دستیاب نہ ہو سکا۔

انہوں نے میچ کے نتیجے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس تجربے سے سبق سیکھنا ہو گا۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاناما کے درمیان ہونے والا دوستانہ فٹبال میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید