• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد کیساتھ کام کرنا مشکل ہے، کوشش کرتا ہوں نہ کروں، علی عباس کا انکشاف


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و باصلاحیت اداکار علی عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔

حال ہی میں اداکار ساتھی فنکار ندا یاسر اور یاسر نواز کے یوٹیوب شو میں نظر آئے جہاں انہوں نے اپنے والد وسیم عباس کے ساتھ اسکرین شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

خیال رہے کہ علی عباس کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جن کے خاندان سے کئی باصلاحیت و باکمال افراد اس شوبز انڈسٹری سے منسلک ہیں۔

دوران انٹرویو گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے انکشاف کیا کہ علی عباس کے دادا، والد، والدہ، چچا، کزنز وغیرہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں تو جاوید شیخ کا خاندان واحد خاندان تو نہیں جن کا موازنہ ’کپورز‘ سے کیا جائے بلکہ عباس فیملی بھی اتنی بڑی اور مقبول ہے۔

اداکار نے میزبان سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ رمشاء خان سگی خالہ زاد بہن اور آغا علی سگی پھوپھی کا بیٹا ہے۔

دورانِ گفتگو ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے انکشاف کیا کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنے والد اداکار وسیم عباس کے ساتھ کام نہ کریں کیونکہ ان کے سامنے اداکاری نہیں کرسکتے۔

علی عباس نے مزید کہا کہ اگر کبھی کسی مجبوری کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا پڑ جائے تو ہمارے درمیان یہ طے شدہ ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کی آنکھوں میں نہیں دیکھیں گے۔

اداکار نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ایک پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام کیا ہے، مذکورہ سیریل میں کچھ سخت سینز تھے، جس میں مجھے مشکل پیش آئی، مجھ سے ان کے سامنے اداکاری نہیں ہوتی، ان کی آنکھوں میں دیکھنے کے بعد لائنز بھول جاتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اداکاری کرتے ہوئے یہ بات ذہن سے نہیں نکال سکتا کہ سامنے میرا باپ نہیں کوئی کیریکٹر ہے، میں اپنے والد کا بے پناہ احترام کرتا ہوں اس لیے ان کے ساتھ کام کرنے سے اجتناب کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ علی عباس اپنے معصوم انداز کے لیے کافی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں خالی ہاتھ، فطرت، فیصلہ، گڈو، تم کون پیا، تتلی، گرفت، کہیں دیپ جلے اور بیلگام شامل ہیں۔

علی عباس مایاناز اداکار وسیم عباس کے بیٹے جبکہ مشہور گائیک و اداکار عنایت حسین بھٹی کے پوتے ہیں جبکہ اداکارہ صبا حمید ان کی سوتیلی والدہ اور گلوکارہ میشا شفیع اور گلوکار و اداکار فارس شفیع ان کے سوتیلے بہن بھائی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید