وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو پیر کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے سربراہ رپورٹ سمیت پیش ہوں، یہ کمپرومائزڈ سسٹم نہیں چلے گا۔
لاہور ہائی کورٹ نے اس حوالے سے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی اور فلک جاوید کے والد کو الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کی رپورٹ بتاتی ہے کہ آپ کے لوگ ان سیٹوں کے اہل نہیں۔
عدالت میں وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ گرفتار ملزم حیدر علی کا موبائل فارنزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ متہ پولیس اسٹیشن نے ملزم حیدر کو گرفتار کیا۔