وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین ہول میں کمسن بچی کے گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام اور بچوں کی جان سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، غفلت کے ذمے داروں کا تعین کر کے سخت سزا دی جائے گی۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کروا کے ذمے داروں کا جلد تعین کیا جائے، نااہلی اور مجرمانہ غفلت پائی گئی تو ہاؤسنگ سوسائٹی سیل کر دی جائے۔
انہوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں کھلے مین ہول کے معائنے کے لیے 3 دن کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔
مریم نواز نے حکومتی کنٹرول میں آنے والے علاقوں میں بھی گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رائیونڈ روڈ پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کمسن بچی پارک میں کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی۔