کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے تنگ شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں کراچی میں بارشوں کے باعث متاثرہ سڑکوں کی مرمت سے متعلق جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ناصر شاہ، وزیرِ بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی و دیگر شریک ہوئے۔
ترجمان وزیرِاعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں سڑکوں کے پیچ ورک کی ضرورت ہے، کراچی میں متاثرہ سڑکوں کی مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ کو اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ یہ تمام سڑکیں بارشوں میں خراب ہوئیں۔
اجلاس میں وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعمیر یا مرمت کی گئی سڑکیں وقت سے پہلےخراب ہوئی ہیں تو انکوائری کریں، انکوائری کریں کہ سڑک کس نے بنائی اور کیوں خراب ہوئی۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جس نے بھی سڑکوں کا ناقص کام کیا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں، چاہتا ہوں سڑکوں کی مرمت یا تعمیر کا کام بہترین معیار کا ہو۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے کے ایم سی کو ہدایت دی کہ جو سڑکیں تعمیر کریں اس کا نکاسی آب کا نظام بھی بنائیں اور ہر سڑک کی سروس لائن بھی ضرور بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے کے ایم سی فوری کام شروع کروائے۔
اجلاس میں وزیرِ بلدیات سعید غنی نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کا سروے کر رہے ہیں، جس میں یہ معلوم کر رہے ہیں کہ سڑکیں کب خراب ہوئیں۔