معروف بھائی کامیڈین کرشنا ابھیشیک نے اپنی مامی (گووندا کی اہلیہ) سے متعلق کہا ہے کہ وہ انہیں اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی ہیں جبکہ انکی ناراضی پر کہا کہ وہ انہیں منالیں گے۔
کرشنا ابھیشیک اور ان کی مامی سنیتا آہوجا کے درمیان تعلقات کی خرابی اکثر خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔
سنیتا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں کرشنا اور ان کی بیوی کاشمیرہ شاہ کے ساتھ ’جمتا نہیں ہے‘۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرشنا ابھیشیک نے کہا، ’میں اپنی مامی سے بہت محبت کرتا ہوں۔ مامی نے ہمیشہ مجھے اپنے بچے کی طرح پیار دیا ہے اور میرے لیے بہت کچھ کیا ہے۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’مامی کو مجھ پر غصہ کرنے کا پورا حق ہے، میں جانتا ہوں کہ وہ غصے میں سب کچھ کہتی ہیں لیکن اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ میں انہیں منالوں گا، وہ میری مامی ہیں۔‘
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران سنیتا نے کہا تھا کہ وہ کپل شرما کے شو کا حصہ نہیں بن سکتیں کیونکہ کرشنا اور کاشمیرہ وہاں موجود ہیں۔ میں سچ بولوں گی اور وہ یہ کہ کرشنا اور کاشمیرہ سے میرا نہیں جمتا۔ لہٰذا میں شو کرتی اگر وہ لوگ اس میں نہ ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا، ’میری زندگی کا اصول ہے کہ اگر میں ایک بار کسی کو چھوڑ دوں تو پھر اسے معاف نہیں کر سکتی۔ اگر میری غلطی نہ ہو اور لوگ بدتمیزی کریں تو میں اس کی شکل بھی نہیں دیکھتی۔‘