• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے اور فضل الرحمان کے راستے جدا نہیں، خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارے اور مولانا فضل الرحمان کے راستے جدا نہیں ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور محسن نقوی ایک ہی مسودے پر مولانا فضل الرحمان سے بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات ہورہی ہے، ہم سب ایک پیج پر ہیں، مشترکا ٹارگٹ ہے کہ آئینی ترامیم پر متفقہ مسودہ لائیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بہت قریبی تعلق ہے، اُن کے اور ہمارے راستے جدا نہیں ہیں، کٹھن وقت ایک ساتھ گزارا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کٹھن وقت میں بھی چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں، جے یو آئی سربراہ زیرک سیاستدان ہیں، کوئی نہ کوئی گنجائش نکل آئے گی۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آئینی ترامیم کے حوالے سے ڈرافٹ پر کام کررہے ہیں اور حکومت کے پاس بھی ایک مسودہ ہے تینوں مسودوں پر مذاکرات ہوں گے اور متفقہ مسودہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر بانی پی ٹی آئی نے بھی دستخط کیے ہیں، جس میں آئینی عدالت کا معاملہ بھی موجود ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ لوڈ بڑھتا جارہا ہے، 27 لاکھ کیسز موجود ہیں، ایک شخص نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی حکومت کے استحکام کےلیے بہت کام کیا، بانی تحریک انصاف کے ملٹری کورٹ ٹرائل کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

مقبوضہ کشمیر کے الیکشنز پر خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا اتحاد جیت سکتا ہے، امید ہے کہ کانگریس اپنے وعدے کے مطابق 370 اور 35اے بحال کرسکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید