پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ آج تلوار اور قلم سے زیادہ طاقت سوشل میڈیا میں ہے۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دورانِ انٹرویو اداکارہ نے کہا کہ آج کل لوگ اپنے کام کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں جگہ بناتے ہیں، کیونکہ آج سوشل میڈیا بہت طاقت ور ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگ باآسانی وہ سب کہہ دیتے ہیں جو ان کا دل چاہتا ہے کیونکہ آج تلوار اور قلم سے زیادہ طاقت سوشل میڈیا میں ہے، اس لیے ایسا تو ہونا ہی تھا تاہم لوگوں کو وقت کے ساتھ ساتھ اس کا صحیح استعمال کرنا سیکھنا چاہیے۔
روبینہ اشرف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب شوبز شخصیات کے بچے اسی ماحول میں پیدا ہوں گے اور اسی میں پروان چڑھیں گے تو اقربا پروری ہونا تو لازمی ہے۔
انہوں نے اپنی بیٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کبھی موقع ملا تو اپنی بیٹی و اداکارہ مینا طارق کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گی، وہ مجھے اور میری تمام دوستوں کو جو اس کے لیے خالہ کا درجہ رکھتی ہیں، ہم سب کو دیکھ کر ہی بڑی ہوئی ہے، اسی لیے ان سے متاثر ہو کر اسی شعبے میں آئی ہے۔