• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیلم منیر کی شوہر محمد راشد سے ملاقات کس طرح ہوئی؟ دیور نے تفصیلات بتا دیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر حال ہی میں دبئی میں محمد راشد نامی ایک شخص کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔

نیلم منیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی شادی کی مختلف تقریبات سے خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں مگر اپنی شادی کی خبر مداحوں کو دیتے ہوئے اداکارہ نے شوہر کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

جس کے بعد اداکارہ کے شوہر کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے بے تاب مداحوں نے سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دیں۔

شادی کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کو یہ لگا کہ نیلم منیر نے دبئی کی کسی متاثر کُن کاروباری شخصیت سے شادی کی ہے۔

اب حال ہی میں اداکارہ کے دیور ثمر رانجھا نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بھائی محمد راشد کی نیلم منیر کے ساتھ ملاقات کیسے ہوئی اور پھر بات شادی تک کیسے پہنچی؟

اُنہوں نے بتایا کہ ہم میانوالی میں رہتے ہیں، میرے بھائی کا اصل نام محمد راشد ہے، ہم 4 بھائی اور 2 بہنیں ہیں، بھائی 2006ء سے دبئی میں مقیم ہیں اور وہاں پر ان کا ٹریول اینڈ ٹورازم کا بزنس ہے اور ساتھ ہی ان کے کچھ ریسٹورنٹس بھی ہیں۔

ثمر رانجھا نے بتایا کہ میرے بھائی اور نیلم منیر کی پہلی ملاقات دبئی میں ریسٹورنٹ میں ہوئی اور پھر اسنیپ چیٹ پر بات چیت ہونے لگی اور آہستہ آہستہ دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی، دونوں کے درمیان تقریباََ دو ڈھائی سال رابطہ رہا اور پھر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ بھائی کی شادی اور ولیمہ دونوں کا انعقاد دبئی میں ہی ہوا جس میں میں نے اور فیملی کے چند لوگوں نے شرکت کی۔

ثمر رانجھا نے یہ بھی بتایا کہ مجھے نیلم بھابھی نے ایک موبائل اور بریسلیٹ تحفے میں دیا ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھائی اور بھابھی کی اس ماہ یا اگلے ماہ پاکستان واپسی پر ولیمے کی ایک تقریب میانوالی میں بھی منعقد کی جائے گی۔

ثمر رانجھا نے نیلم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیلم منیر اخلاقاً بہت اچھی ہیں اور ان کی پوری فیملی ہی اچھی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یوٹیوبر یاسر شامی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو میں اداکارہ کے شوہر کے بارے میں تفصیلات شیئر کی تھیں۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نیلم منیر کے شوہر کا نام محمد راشد ہے اور وہ دبئی کے کوئی کاروباری شخص نہیں بلکہ دبئی پولیس کے سی آئی ڈی ڈپارٹمنٹ میں ملازم ہیں۔ 

یوٹیوبر نے یہ بھی بتایا تھا کہ دبئی میں پولیس اہلکاروں کی تنخواہ ان کے تجربے کے لحاظ سے 13 ہزار درہم سے 22 ہزار درہم کے درمیان ہوتی ہے جو پاکستان کے تقریباً 10 لاکھ سے 17 لاکھ روپے بنتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید