نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی بد نیتی پر مبنی آئینی ترمیم کو مسترد کرتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نےکہا کہ پاکستان کے آئین کے تحفظ کے لیے عوام کو منظم اور متحرک کریں گے، حکومت دھرنا معاہدے پر عمل کرے، معاہدے سے فرار کا راستہ حکومت کو مہنگا پڑے گا۔
لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام سے بجلی، گیس اور پیٹرول کی حقیقی قیمتیں وصول کرنے سے ہی معیشت کا پہیہ چلے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی کی رکن سازی مہم پورے ملک میں جاری ہے،21 ستمبر کو جماعتِ اسلامی کے سیاسی امور کا جائزہ اجلاس ہو گا، 6 اکتوبر کو ملی یکجہتی کونسل کی کوئٹہ میں غزہ فلسطین کانفرنس ہو گی جبکہ 7 اکتوبر کو پورے ملک میں غزہ فلسطین سے یک جہتی کا دن منایا جائے گا۔