فیصل آباد میں بچوں کی لڑائی کی رنجش پر مخالفین نے 15 سالہ لڑکی پر تشدد کرتے ہوئے سر کے بال کاٹ دیے اور منہ کالا کر کے گلی میں گھماتے رہے۔
واقعہ سامنے آنے پر سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیا، جس کے بعد 3 خواتین سمیت 7 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ماموں کانجن کے علاقے میں پیش آیا جہاں تین روز قبل ہونے والے بچوں کے جھگڑے کی رنجش پر 3 خواتین اور 4 مردوں سمیت 7 افراد نے مخالف کے گھر میں گھس کر 15 سالہ لڑکی کو زبردستی گھر سے باہر نکالا اور اس کے سر کے بال کاٹ ڈالے، تیل اور گریس لگا کر منہ کالا کر دیا، متاثرہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلی میں گھمایا بھی گیا۔
واقعہ سامنے آنے پر سی پی او کامران عادل کے حکم پر فوری طور پر تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔