لاہور جلسے سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت پی ٹی آئی کے پارلیمنٹرینز اور رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
وزیراعلیٰ نے ہرحلقے سے 500 کارکن لاہور لے جانے کی ہدایات جاری کی ہے، جبکہ صوبہ بھر سے قافلے صوابی میں جمع ہوں گے جہاں سے مرکزی قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں لاہور روانہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے ہر صورت جلسہ گاہ پہنچنے کے بھی احکامات ہیں۔
وزیراعلیٰ گنڈاپور نے آنسو گیس، لاٹھی چارچ سے بچاؤ کا سامان بھی ساتھ رکھنے پر زور دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسے سے متعلق تمام وزراء اور اراکین اسمبلی ویڈیو بیانات بھی جاری کریں گے، جبکہ کارکنوں کو خوراک مہیا کرنے کی ذمہ داری بھی متعلقہ اراکین اسمبلی کی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا سے 30 ہزار سے زیادہ کارکنان کی جلسہ میں شرکت کی کوشش کی جائے گی۔
جلسے کیلئے 21 تاریخ کو خیبر پختونخوا سے قافلے پنجاب کی طرف رواں دواں ہوں گے۔