• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی جلسے سے متعلق اجلاس کے بعد کارکنوں نے پش اپس لگائے


خیبر پختوںخوا حکومت کے وزراء نے لاہور جلسے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں، گزشتہ رات جلسے سے متعلق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے پش اپس بھی لگائے۔

وزیر ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا مینا خان آفریدی نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات جلسے سے متعلق سی ایم ہاؤس میں اجلاس ہوا، اجلاس ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ پش اپس لگائے۔

مینا خان نے کہا کہ راستہ روکا گیا تو ہر قسم کےحالات کیلئے تیار ہیں، کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے پاس اسلحہ نہ رکھیں، رکاوٹیں ہٹانے کیلئے کرینز اور دیگر مشینری ساتھ رکھی جائے گی۔

دوسری جانب لاہور میں مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے، گریٹر اقبال پارک کے تمام گیٹ بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل آج لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد پنجاب حکومت نے تحریکِ انصاف کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق کچھ دیر بعد جلسے کی اجازت کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا، تحریکِ انصاف کو مینارِ پاکستان کے بجائے جلسے کے لیے کوئی اور جگہ دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید