پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ جامعات کو ہراسمنٹ، منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے گورنر پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ گورنر پنجاب آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ آئین کی حدود میں رہتے ہوئے تعلیم دوست پالیسی کو یقینی اور جامعات کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے راستے میں رکاوٹوں کو گرانا گورنر کی آئینی ذمے داری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گورنر پنجاب کے اقدامات سے جامعات میں آمریت مضبوط کرنے والے ٹولے کو تکلیف پہنچتی ہے تو پہنچے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی جانب سے صوبے کی 14 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سرچ کمیٹی کی جانب سے فائنل کیے گئے ناموں پر اطمینان نہیں، بعض کے خلاف کرپشن وغیرہ کے الزامات ہیں۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے وائس چانسلرز کے لیے ایک ایک نام تجویز کر کے بھیجا گیا، وی سی کی تقرری کے لیے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ہر یونیورسٹی کے لیے 3 نام بھیجے جاتے ہیں، وزیرِ اعلیٰ کا خیال ہے ان کے بھیجے گئے نمبر ایک والے ناموں کی منظوری دی جائے۔