وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اختلافِ رائے کی آڑ میں امن کو سبوتاژ کرنا قابلِ مذمت ہے، کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں امن ہم سب کا خواب ہے۔
’عالمی یومِ امن‘ پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ امن بہت بڑی نعمت ہے اور بدامنی زوال لاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو سلام اور امن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے، تنازعات کے حل کے لیے کاوشیں کرنے والے امن کے علم برداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ امن سے ہی خوش حالی کے پھول کھلتے اور خوشیاں ہر سُو پھیلتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سر زمین کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، قیامِ امن کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔