مالم جبہ کے قریب پولیس وین پر ہوئے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے واقعے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتکاروں کا گروپ بخیریت اسلام آباد واپس پہنچ گیا۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مالم جبہ اور سوات کے دورے کے بعد اسلام آباد واپس جانے والے سفارتکاروں کے گروپ کیساتھ ایک واقعہ پیش آیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔ شہید پولیس اہلکار کے خاندان اور زخمیوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردوں کے سامنے ثابت قدم رہتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایسے واقعات پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے عزم سے نہیں روک سکتے۔