خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں بارہرہ بانڈہ میں گھریلو جھگڑے پر 3 ملزمان نے اپنے بہنوئی کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوی 15 روز قبل لڑائی کرکے میکے چلی گئی تھی۔
مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ اپنی بہن کے کہنے پر ملزمان نے میرے بیٹے کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش کو پورسٹ مارٹم کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان فرار ہوچکے ہیں جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب نوشہرہ میں بند گھر سے 12 سالہ بچے کی لاش ملی ہے۔ والد کے مطابق بچے نے مبینہ طور پر ازار بند کا پھندہ بنا کر خودکشی کی۔
اکوڑہ خٹک پولیس نے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
بچے کے گلے میں ازار بند کا پھندہ لگا ہوا تھا، بچے کی والدہ پشاور میں رشتہ داروں کے گھر گئی ہوئی تھی۔
اہل محلہ کے مطابق بچے کی اپنے بڑے بھائی کے ساتھ کسی بات پر لڑائی ہوئی تھی، تاہم پولیس اصل حقائق جاننے کےلیے تفتیش کر رہی ہے۔